پشاور( آن لائن ) 7 سالہ بچی کو قتل کے بعد جلانے کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں بچی کو قتل کے بعد لاش جلائے جانے سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق بچی لیہ بدھ کے روز
گھر سے نکلی تھی پھر واپس نہ آئی جب کہ بچی کو گھسیٹ کر کھیتوں میں لے جایا گیا، بچی کوصبح کے وقت جلایا گیا اور جلانے کے 3 گھنٹے بعد بچی کی لاش ملی۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق بچی کو گولیاں مارنے کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں جب کہ بچی کی شناخت اس کے چہرے سے ہوئی۔ دریں اثنا بڈھ بیر میں قتل کی جانے والی7سالہ ننھی پری کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیاگیا جبکہ بچی کی والدہ کی حالت غیر ہو گئی ہے پولیس کی بھاری نفری گزشتہ روز بھی علاقے میں موجود رہی جبکہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں معصوم بچوں کے بیدردی سے قتل کے واقعات کے بعد والدین اوربچوں میں شدید ترین خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور کیپٹل سٹی پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھانا شروع کردیئے ہیں ،تین دن کے دوران دو معصوم بچوںکے قتل کے واقعات میں پورے پشاورکو ہلا دیا ہے ۔