پشاور (آن لائن ) ایک چوہے نے پشاور تا کراچی پرواز منسوخ کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے ائیرپورٹ پر جمعرات کے روز دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی۔ جمعرات کی شام کو نجی ائیرلائن کی پرواز
عین اڑان سے قبل روک دی گئی۔ نجی ائیرلائن کی پرواز کو جمعرات شام 4 بجے کراچی کیلئے روانہ ہونا تھا، جہاز میں چوہے کی موجودگی پر پرواز تعطل کا شکار ہوئی۔ اڑان سے قبل پائلٹ کو جہاز میں چوہا دکھا جس کے بعد تمام عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ عملے کی جانب سے جہاز میں چوہے کی تلاش شروع کی گئی، تاہم کئی گھنٹے کی تلاش کے باوجود چوہا نہ مل سکا۔ اس صورتحال میں نجی ائیرلائن کی پرواز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ مسافروں کو ایک بس کے ذریعے اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ ائیرلائن حکام کا بتانا ہے کہ مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے نجی ائیرلائن کی پرواز سے کراچی روانہ کیا جائے گا۔ چوہے کی جہاز میں موجودگی سے دوران پرواز کوئی بھی خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی تھی، اسی لیے پرواز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔