لاہور( این این آئی)لاہور کے ماسٹر پلان 2050ء کی تیاری کے سلسلے میں اہم پیش رفت،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کنسلٹنٹ کی تقرری کے عمل کے آخری مرحلے کے تحت شارٹ لسٹ کی گئی تین کمپنیوں کی طرف سے جمع کروائی جانے والے ٹیکنیکل اور فنانشل پرپوزلز کھول دی گئیں۔
شفافیت یقینی بنانے کے لئے کمیٹی کے ارکان نے ان تجاویز پر دستخط کئے۔اجلاس میں ان کمپنیوں کی طرف سے جمع کروائی جانے والی تجاویز کا جائزہ لینے کے لئے سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل نے سب کمیٹی کو کم سے کم وقت میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔لاہور کا نیا ماسٹر پلان 2050ء تک کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایاجائے گاجوآئندہ تین عشروں کے دوران شہر کی تعمیر و ترقی کا روڈ میپ مہیا کر ے گا۔ما سٹر پلان کی تیاری کے لیے46 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ماسٹر پلان ریجنل پلاننگ کی بنیاد پر لاہور ڈویژن کے لئے بنایاجائے گا۔نیا ماسٹر پلان لاہور ڈویژن کی حدود میں واقع تمام شہری و دیہی علاقوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔اجلاس میں چیف میٹروپولیٹن پلانر سیدمحمد ندیم اخترزیدی ،ڈائریکٹرمیٹروپولیٹن پلاننگ فیصل قریشی اور شفقت نیاز،واٹر سپیشلسٹ محمدریاض،محکمہ پی اینڈ ڈی کے نمائندے نوید احمد اورمحکمہ فنانس کے نمائندے محمد غلام مرتضیٰ نے شرکت کی ۔اس کے علاوہ ویڈیولنک کے ذریعے چیئرمین سٹی وریجنل پلاننگ ڈیپارٹمنٹ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاکر محمود ،ٹی اوآر کمپنی کے ارکان انجینئر اکبر شیخ ،کامل خان ممتاز اور اربن یونٹ نادیہ قریشی نے شرکت کی۔اجلاس میں شارٹ لسٹ کی جانے والی تین کمپنیوں دارالہندسہ (لبنان)،مائن ہارٹ(سنگاپور)،اور نیسپاک (پاکستان )کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔