کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ، مارکیٹوں میں تمام سبزیوں کی قیمتوں میں 40 سے 80 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر شہری بھی پریشان ہوگئے کوئٹہ کی کاسی روڈ سبزی گلی میں اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے اندر ہو شربا اضافہ ہو گیا ہے۔ سبزی مارکیٹ میں
آلو فی کلو 50 روپے، ٹماٹر 60 سے بڑکر 120 روپے، پیاز 30 سے 50 روپے جبکہ بھنڈی 150 روپے سے 200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے۔مہنگائی سے تنگ شہری وطن یار خلجی، راشد شاہ اور عاصم علی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف قیمت پوچھ کر واپس گھر خالی ہاتھ چلے جاتے ہیں۔دوسری جانب سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ وہ سبزی منڈی سے سبزی مہنگی لاتے ہیں، انہیں مجبورآ مہنگی بیچنا پڑتا ہے۔ سبزی فروش کا کہنا ہے کہ تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں دیکھی۔غر بت کے چنگل میں پھنسے شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں ہر شے کی قیمتوں کو پرلگ گئے، جسکے باعث کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت مہنگائی کو قابو کرے۔دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز میں مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کی معمولی کمی آئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.12 فیصد کی کمی واقع ہوئی جب کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 8.93 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے52 پیسے کا اضافہ ہوا، پیاز 4 روپے 70پیسے فی کلو اور لہسن9 روپے 61پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 49.83 روپے کی کمی ہوئی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں39 روپے29 پیسے کمی آئی۔ادارے کی جانب سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 98پیسے کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر85 روپے69 پیسے مہنگا ہوا جب کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ57 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 84 پیسے فی لیٹر کم ہوئی۔