اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اسلام مخالف اقدامات پر پارلیمانی گروپ برائے پاک فرانس دوستی کی کنوینرشپ سے مستعفی ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید
خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات سے اسلاموفوبیا کو تقویت ملے گی جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نشاندہی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف بیانات اور مقدس ہستیوں کی توہین انسانیت کے درمیان خلیج کو مزید گہرا کرے گی اور شدت پسند خیالات کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اس پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات انسانیت کو نازی نظریے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔کنوینر شپ سے مستعفی ہونے کے ساتھ ساتھ فیصل جاوید خان نے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ اس گروپ کو ہی تحلیل کردیا جائے۔