لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی ،” بڑوں ” کی لڑائی میں چھوٹوں کا کوئی کام نہیں ،نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان آپ کھیل نہیں آپ اس سے باہر ہو۔
پہلے بھی جیلوں میں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اس لئے ہمیں گرفتاریوں اور جیلوں سے نہ ڈرایا جائے بلکہ ہمار ا خوف تو ختم ہو گیا ہے۔ اپنی رہائشگاہ جاتی امراء سے کراچی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو بہت غصہ ہے کیونکہ وہ ایک ہارا ہوا شخص ہے ، نواز شریف نے کہا یہ آپ کا کھیل نہیں ، ”بڑوں ” کی لڑائی میں چھوٹوں کا کیا کام ہے ،آپ تو کھیل سے باہر ہیں، نواز شریف نے اپنے خطاب میں عمران خان کو تو مخاطب ہی نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے جیلوں میں کونسی سہولتیں ملی ہیں اس لئے دھمکیاں نہ دی جائیں ۔ ہم دو دفعہ جیل کاٹ آئے ہیں اس لئے گرفتاریوں اور جیلوں کا کسے خوف ہے بلکہ ہمارا خوف تو ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو کچھ نظر نہیں آرہا لیکن آئندہ چند روز میں نظر آ جائے گا، پی ڈی ایم کی تحریک چل پڑی ہے اور نتائج کا حصول زیادہ دور نہیں۔