اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اپوزیشن جماعتوں کا پاور شو ، گوجرانوالہ میں تیاریاں مکمل کر لیں گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم قیادت کی جانب سے 10 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، جبکہ کہا گیا ہے کہ سیاسی ورکرز کو قائل کرنے کیلئے ایک ہفتے تک
انتھک کوششیں کی گئیں ہیں ۔ پی ڈی ایم جلسے کیلئے سیکیورٹی پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔گوجرانوالہ جلسے کے موقع پر 3 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو 3 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کے نجی 500 سیکیورٹی اہلکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اسٹیڈیم میں 7 داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات رہے گی۔دوسری جانب فاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے گوجرانوالہ سٹیڈیم بھرنا تھا ، لیکن ان کی طرف سے آدھا سٹیڈیم چھوڑ کر سٹیج لگایا گیا ، جہاں پہلے ہی اس کی گنجائش 30 ہزار تھی جو اب 20 ہزار رہ گئی۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اپوزیشن کی اتنی جماعتیں مل کر بھی ناکامی کے خوف کا شکار ہیں ، یہ عمران خان ہی تھا جس نے مینار پاکستان کا گرانڈ بھی بھر دیا تھا جب کہ ان سب سے مل کربھی اس کا آدھا نہیں ہونا۔