لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے شبلی فراز کا گوجرانوالہ کا سٹیڈیم بھرنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاکہ سٹیڈیم بھرا ہوا نظر آیا تو شبلی فراز کتنی دیر میں استعفیٰ دیں گے،پولیس اور انتظامیہ کو غیر قانونی احکامات ماننے سے گریز کرنا چاہیے ،ہم آئین میں دی گئی ضمانت کے تحت آئینی اور پرامن جدوجہد کر رہے ہیں ۔لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے سعد رفیق اور پرویز رشید
کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جی ٹی روڈ بلاک کرنے کی دھمکی پر جلسے کی اجازت دی گئی، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے، گرفتاریوں سے تحریکیں زور پکڑتی ہیں، کسان، تاجر سمیت سب گوجرانوالہ پہنچیں، یہ فقید المثال جلسہ ہو گا جس میں تمام جماعتوں کی قیادت آ رہی ہے۔مریم نواز نماز جمعہ کے بعد جاتی امرا سے روانہ ہو کر شام6 بجے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔انہوںنے کہاکہ ہم نے شبلی فراز کا چیلنج قبول کر لیا ہے کہ جناح اسٹیڈیم بھر کر دکھائیں ۔کورونا وائرس کو اسی گھٹیا سیاسی مقصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں ،پہلے 6 ماہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے کتنے مقدمات درج کئے گئے ہیں ،اب ڈیڑھ ڈیڑھ سو افراد کو نامزد کیا جا رہا ہے تاکہ کسی کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکے،ایسے اوچھے ہھتکنڈوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ،جلسہ بھرپور اور کامیاب ہو گا ۔رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہر آدمی تنگ ہے، ملک میں 2 سال سے کوئی گورننس نہیں، بنانا تو دور کی بات حکومت نے کسی منصوبے کا اعلان تک نہیں کیا، ڈھائی سال میں ملک کو اس سطح پر پہنچا دیا گیا، چیئرمین نیب پوری اپوزیشن کو جیل بھیجنے کیلئے تیار ہیں، عمران خان، شہزاد اکبر وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے ہیں، مجھے کہا گیا 15 اکتوبر کو عدالت پیش نہ ہوں گرفتار کرلیں گے۔سعدرفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور
میں 24 گھنٹوں سے کارکنوں اور رہنمائوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ،اس وقت بھی ریڈ جاری ہیں ۔مسلم لیگ (ن) نے عدالت عالیہ سے رجوع کر رکھا ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا ،یقین ہے عمران خان اور ان کی حکومت کے اوچھے ہھتکنڈوں کو روکا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان جھوٹ کے ماہر ہیں اور ان کے براہ راست احکامات پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے وہ تو
کہتے تھے کہ مجھ سے کنٹینر لے لو،یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت اور چربہ ہے۔انہوںنے کہاکہ پولیس اور انتظامیہ کو غیر قانونی احکامات ماننے سے گریز کرنا چاہیے ،ہم آئین میں دی گئی ضمانت کے تحت آئینی اور پرامن جدوجہد کر رہے
ہیں لیکن آپ ہمارے کارکنوں کو بھڑکا رہے ہیں تاکہ ناخوشگوار واقعہ یا تصادم ہو سکے ۔ہمارے کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم بھرا ہوا نظر آیا تو شبلی فراز کتنی دیر میں استعفیٰ دیں گے۔