لاہور (آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیر صدار ت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت بیرسٹرنبیل اعوان،جی ایم پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی خرم لودھی، منیجرحسنات احمد،ڈپٹی منیجر انس بن
مسعود اورپروفیسرجاویدچوہدری نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کارمزیدوسیع کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائز ہ لیا۔سیکرٹری صحت بیرسٹرنبیل اعوان نے صوبائی وزیر صحت کو صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالہ سے مختلف تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صحت انصاف کارڈ کی صوبہ بھر میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنایاجائے گا۔ بیواؤں،زکوٰۃ حاصل کرنے والے افراداور سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے خاندانوں کو بھی صحت انصاف کارڈ کی سہولت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں 10لاکھ سے زائدسرکاری ملازمین کو بھی صحت انصاف کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔صحت انصاف کارڈ کے حامل خاندانوں کو ہسپتالوں میں بہترین علاج کی سہولت دستیاب ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجا ب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ ہولڈرز علاج کرواسکیں گے۔صحت انصاف کارڈ کے منصوبہ کو عوامی سطح پربہت سراہاجارہاہے۔صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کاروسیع کرکے 1کروڑ سے زائد خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی۔غربت کی سطح سے نیچے خاندانوں کو سہولت دیناوزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔