لاہور( این این آئی ) ملک میں مہنگائی کی نئی لہر آ گئی ،بجلی ،ایل پی جی اور چکی کے آٹے کی قیمتوںمیں اضافہ ہو گیا ،بجلی کی قیمت میں فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں83پیسے اضافہ کر دیا گیا جس سے صارفین پر 12ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، چکی کے آٹے کی قیمت میں
مزید 2روپے فی کلواضافے سے80کلومیٹرتک پہنچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق سردیوں سے پہلے ایل پی جی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ کردیاگیا جس سے گھریلو سلنڈر60 روپے اور کمرشل سلنڈر 200 مہنگا ہو گیا ۔آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز سے چکی سے تیار کردہ آٹے کی ایک کلو قیمت میں مزید 2 روپے اضافہ کر دیا جس سے اس کی قیمت 78روپے سے بڑھ کر 80 روپے ہو گئی جس پر فوری اطلاق ہو گیا ہے ۔مختلف مقامات پر چکی سے تیار کردہ آٹا 86روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے اور چکی مالکان کا موقف ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 2500روپے ہو گئی ہے اور اس صورتحال میں ہم 80روپے میں چکی سے تیار کردہ آٹا فروخت نہیں کر سکتے۔نیپرا نے ماہ جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، نیپرا کے مطابق صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا ۔ نیپرا کے فیصلے کے بعد صارفین پر 12 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔