لاہور( این این آئی)یونیورسٹیز کے تمام سمسٹرز نہ کھولنے اور آن لائن کلاسز کی فیس کم نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے لا ء افسر کو مجاز اتھارٹی سے ہدایات لے کر 14اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس جواد حسن نے محمد ذیشان سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی وزیر تعلیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایاگیا کہ وہ یو ایم ٹی میں تعلیم حاصل کررہے ہیں،کورونا وباء کے بعد مارکیٹس، شاپنگ مالز، سکولز اور کالجز کھلے ہوئے ہیں جبکہ یونیورسٹیز مکمل طور پر نہیں کھلیں۔یونیورسٹیز کی بندش کے باعث طالبعلموں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔ استدعا ہے کہ یونیورسٹیز کے تمام سمسٹرز کیلئے کھولنے کا حکم دیا جائے۔ مزید استدعا کی گئی کہ یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کی صورت میں پنجاب یونیورسٹی کی طرح 50 فیصد فیس کم کی جائے۔