اسلام آباد/لاہور( این این آئی )وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعوی کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور کے کھوکھر پیلس میں بھارتی سے ملاقات کی تھی جبکہ سیف الملوک کھوکھرنے اپنی رہائشگاہ پر ہونے والی ایسی کسی بھی ملاقات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹا الزام لگانے پر شہباز گل کو لیگل نوٹس بھجوائوں گا۔
شہباز گل نے دعویٰ کیاکہ لیگی رہنما پریس کانفرنس کے بعد اسی جگہ پر رکی رہیں اور سگنل ملنے پر ملاقات کے مقام پر پہنچیں۔ مریم اور ان کے والد نواز شریف کا بیانیہ ملک دشمن ہے اسی لیے کوئی ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رانا صاحب پوچھ رہے ہیں تو بتا دیتا ہوں کہ میری اطلاع کے مطابق ایک بھارتی کے ساتھ جو ملاقات ہوئی وہ کھوکھر پیلس میں ہوئی۔پریس کانفرنس کے بعد وہ اسی جگہ پر رکی رہیں،سگنل ملنے پر وہاں سے نکل کر سیدھی کھوکھر پیلس پہنچیں۔ انہوں نے رانا ثنا اللہ کو اپنے ٹویٹ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب،آپ شہباز شریف کے ساتھ ہیں وہ آپ کو یہ نہیں بتائیں گی۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نے معاون خصوصی شہبازگل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی کھوکھر پیلس میں ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ، جھوٹاالزام لگانے پر شہباز گل کولیگل نوٹس بھیجوں گا۔سیف الملوک کھوکھر نے شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے گھٹیا الزامات لگانے پر شرم آنی چاہیے ۔ تحریک انصاف کا اپنے لیڈر عمران خان کی طرز پر جھوٹ بولنے کا وطیرہ ہے ،شہباز گل نے بھی جھوٹا الزام لگایا ہے،شہباز گل اگر الزامات ثابت کر دیں تو کھوکھر برادران سیاست کو الوداع کہہ دیں گئے ۔ انہوںنے کہا کہ شہبازگل کو جھوٹا الزام لگانے پر لیگل نوٹس بھی بھجوائوں گا۔