لاہور (این این آئی)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازاحمد اختر نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے بچائو کیلئے پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کے شکر گزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیانگ زی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چین کی طرف سے
پنجاب یونیورسٹی کو تیس ہزار ماسک تحفہ دینے کی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان،ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنس پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود، ڈائریکٹر کنفیوشس پروفیسر ڈاکٹر رانا اعجاز،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم اور جیانگ زی یونیورسٹی سے آن لائن پروفیسر لیو و دیگر نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمداختر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے اور مشکل وقت میں ہمیشہ چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان میں تیزی سے کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے۔ پروفیسر لیو نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں چائینز طلبائو طالبات کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر وائس چانسلر اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔