اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر جاوید میانداد نے سیاست میں آنے کا اشارہ دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاست دان جس طرح عوام کی پریشانیوں سے آنکھیں چرا رہے ہیں اس سے تو یہ لگتا ہے کہ مجھے عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے خود سیاست میں آنا پڑے گا۔ ان سے جب سوال کیا گیا کہ آپ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید
کرتے ہیں تو آپ خود ہی سیاست میں کیوں نہیں آ جاتے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا کچھ پتہ نہیں کہ میں کب سیاست میں آجاؤں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ میں ایسا کر بھی سکتا ہوں، میرے نزدیک عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی زیادہ ضروری ہے۔ باقی ممالک میں حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کا خیال رکھتی ہیں لیکن یہاں ایسا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔