اسلام آباد، سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی ) لاہور سیالکوٹ موٹروے پرسفرکرنے والوں کیلئے الگ ہیلپ لائن قائم کردی گئی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر کرنیوالے ہیلپ لائن 1124 پررابطہ کرسکتے ہیں ۔
مسافر حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں نئی ہیلپ لائن پررابطہ کرسکیں گے ۔دریں اثنا لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کے واقعہ کے بعد پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کا پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس اور ڈی آ ئی جی ایس پی یو بلال صدیق کمیانہ کو سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی اور گشت کرنے کا حکم دیا ہے،جس کے بعد لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایس پی یو اور پی ایچ پی کے250 اہلکار گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پر پٹرولنگ اور سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔علاوہ ازیں ایس پی یو اور پی ایچ پی کی مشترکہ ٹیمیں تین شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کی تعیناتی تک پنجاب پولیس لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔ واضح رہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اور ڈی آئی جی ایس پی یو بلال صدیق کمیانہ نے جائے واردات کا دورہ کیا اور پٹرولنگ پولیس کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے 24گھنٹے پٹرولنگ کے احکامات دیئے انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔