کراچی(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی سابقہ ایم پی اے وسینئر رہنماسکینہ شاہین خان کی یوم دفاع کے موقع پر کراچی رینجرز ہیڈ کوارٹر آمد،یوم دفاع کے حوالے سے رینجرز ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت، تقریب میں شریک سندھ رینجرز کے افسران اور شہداء کی فیملیز سے ملاقاتیں کیں،یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سکینہ شاہین
خان نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہر سال رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تقریب میں شرکت کے لیئے کراچی آتی ہوں، میرے بیٹے نے شہرقائد کے امن کے لیئے جان کی قربانی دی، مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کی ماں ہوں اور اگر میرے سو بیٹے بھی ہوتے تو میں اپنے وطن پر قربان کردیتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر رینجرز ہیڈ کوارٹر کراچی میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سکینہ شاہین خان نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے ہماری فوج کو بیرونی خطرات کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر بھی چیلنجز کا سامنا ہے کراچی میں امن سندھ رینجرز کی قربانیوں سے آیا کراچی میں جو حالات تھے لوٹ مار اور دہشت گردی تھی وہ شاید ہی دنیا کے کسی ملک میں ہو ہمارے سیکورٹی اداروں کی دن رات محنت اور کاوشوں سے اس شہر میں امن اور سکون ہوا اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیئے سندھ رینجرز کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے بہت ساری قربانیوں کے بعد حاصل کیا اب اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، یوم دفاع ہمیں اپنے بہادروں کی جرات اور جوانمردی کی یاد دلاتا ہے جب ڈرپوک دشمن نے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آدھی رات کو ہمارے ملک پر حملہ کردیا تھا لیکن ہمارے فوجی جوانوں نے دشمن کو بتا دیا کہ
وہ وطن اور قوم کی حفاظت سے غافل نہیں ہیں اور اپنے فرائض کو پوری ایمانداری سے نبھا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ایک باشعور، بہادر اور نڈر قوم ہے اور اپنے ملک کی حفاطت کرنے کے لیئے ہم سب اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔