مظفر گڑھ (این این آئی)ضلع مظفرگڑھ میں اپنی 4 سالہ بچی سے ملنے کے لیے جانے والے نوجوان اور اس کے ساتھی کو سسرالیوں نے پلر سے باندھ کرمار پیٹ کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو
کے علاقے ٹھٹھہ گورمانی میں عبدالرحمان نامی نوجوان کی بیوی روٹھ کر میکے چلی گئی تھی۔پولیس کے مطابق اپنی 4 سالہ بچی کو چوری چھپے ملنے عبدالرحمان اپنے ساتھی عرفان کے ہمراہ سسرال پہنچا تو سسرالیوں نے اسے پلر سے باندھ کر دونوں کو ڈنڈوں اور مکوں سے مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق پلر سے بندھے دونوں افراد کو مبینہ طور پر کتے کے برتن میں پانی بھی پلایا گیا۔ نوجوان اور اس کے ساتھی کی پلر سے بندھی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔پولیس کے مطابق عبدالرحمان اور اس کے ساتھی پر تشدد کی اطلاع ملتے ہی عبدالرحمان کے رشتہ دار بھی موقع پر پہنچ گئے اور انھوں نے بھی جوابا ًسسرالیوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق واقعہ 26 اگست کو پیش آیا، دونوں فریقین کے خلاف مار پیٹ کے مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔