اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ عوامی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ ایک جیسا برتاؤ کیا جائے گا، کسی کرپٹ کو این آر او کی شکل میں ریلیف نہیں دیا جائیگا، نہ ہی حکومت بلیک میل ہوگی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے
گذشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، اب عوامی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ ایک جیسا برتائوکیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پر حکومت کے انسانی و میڈیکل ریلیف کے مس یوز کا الزام ہے، لیگی قیادت نے بیل ایفیڈیوٹ دیا مگر انسانی بنیاد پرحکومتی ریلیف کی صریحاً خلاف ورزی کی۔وفاقی کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ دونوں بھائیوں نواز شریف اور شہباز شریف نے بروقت وطن واپسی کا ذاتی بیان حلفی دے رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف شہباز شریف نہیں نواز شریف بھی اپنا ذاتی بیان حلفی جمع کراکے بیرون ملک گئے، دونوں بھائیوں نے میڈیکل رپورٹس ریگولر بنیادوں پر بھجوانے کا بیان حلفی دے رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کے وکیل نیضمانت میں توسیع کی درخواست دی جس کو عدالت نے 27 فروری 2020ء کو مسترد کردیا۔