اسلام آباد (این این آئی)امریکی خاتون سینتھیا رچی ورک ویزا مانگتی رہی اور وزارت داخلہ بزنس ویزا جاری کرتی رہی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع تحریری جواب کی کاپی منظر عام پر آگئی ہے ۔ سیکرٹری داخلہ نے تحریری جواب ہائی کورٹ میں جمع کرایا
جس میں کہاگیا ہے کہ وزارت داخلہ نے 2018 اور 2019 میں دو بار خلاف قانون سینتھیا رچی کے ویزہ میں توسیع کی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ سینتھیا رچی نے دونوں بار بزنس ویزہ کیلئے نہیں بلکہ ورک ویزہ توسیع کی درخواست دی تھی، سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ ورک ویزہ کی بجائے بزنس ویزہ جاری کرنا ویزہ پالیسی کی خلاف ورزی تھی، سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ سینتھیا رچی نے متعلقہ دستاویزات بھی ورک ویزہ کے لگائے لیکن بزنس ویزہ جاری کیا جاتا رہا، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے کہاکہ سینتھیا رچی اپنی جس کمپنی کے ذریعے دیگر کمپنیوں کے ساتھ کام کرتی تھیں وہ کمپنی پاکستان میں رجسٹررڈ ہی نہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ سینتھیا رچی کو ایسے متنازعہ بیانات دینے سے روکا جانا چاہیے جو شہریوں کے بنیادی حقوق پر اثرانداز ہوں۔