لاہور( این این آئی ) گونگی بہری لڑکی نے ساتھی کے ساتھ مل کر ماں کو بے دردی سے مارنے کا اعتراف کرلیا ،پولیس نے ماں کو قتل کرنے والی گونگی بہری لڑکی فجر اور اس کے ساتھی عظیم کو گرفتار کرکے معمہ حل کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ اور اس کے ساتھی نے
بسمہ اللہ نامی خاتون کو سر پر چھری اور ہتھوڑے کے وار کرکے اسے مارا اور جائے واردات سے فرار ہوگئے تھے۔ سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کی گئی تو دونوں نے اشاروں کے ذریعے جرم کا اعتراف کیا، سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان پر پولیس کو شبہ تھا، چند روز قبل فجر اور عظیم موٹر سائیکل پر فرار ہورہے تھے کہ گھبراہٹ میں ان کی موٹر سائیکل گری اور فوٹیج میں ان کی تصاویر محفوظ ہوگئیں۔پولیس کے مطابق ملزمہ فجر نے ویڈیو کال کے ذریعے دوست عظیم کو بلایا تھا، دونوں ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے تاہم والدہ نے رشتے سے انکار کردیا تھا۔ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا ہے ، مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔