کراچی (این این آئی)کراچی میں شدید بارشوں کے باعث شہر کا انفرا اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوگیا ، شہر کے مضافاتی علاقوں میں پانی کے ریلے سڑکیں بہا کر لے گئے۔مختلف علاقوں میں کئی فٹ پانی گھنٹوں کھڑے رہنے کے باعث سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، کئی مقامات پر سڑکیں بیٹھ گئیں اور گہرے گڑھے پڑ گئے۔شہریوں کو ٹوٹی سڑکوں اور گہرے گڑھوں کے باعث شہریوں کو گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں
پر سفر میں پریشانی کا سامنا رہا۔بعض مقامات پرپانی میں ڈوبے ہوئے گہرے گڑھے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، پانی میں ڈوبے ہوئے آئی لینڈز اور فٹ پاتھ بھی اکھڑ گئی ہیں۔شہر میں کئی انڈر پاسز میں تاحال برساتی پانی جمع ہے جن میں سے کئی تو لبالب پانی سے بھرے ہوئے تھے ۔گزشتہ روز ناگن چورنگی کے فلائی اوور میں کئی مقامات پر گہری دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نرسری، راشد منہاس روڈ اور یار محمد گوٹھ، یوسف گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں نکاسی آب کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا۔یار محمد گوٹھ کے دورے پر رہائشیوں نے وزیراعلی کو بجلی نہ ہونے سمیت دیگر مسائل کے بارے میں بتایا، جس پر مراد علی شاہ نے ان کی شکایات سنیں۔تاہم مراد علی شاہ نے رہائشیوں کو کہا کہ آپ سے مجھے شکایات ہیں کہ آپ نے ملیر ندی پر گھر تعمیر کیے ہوئے ہیں، ‘آپ کے تجاوزات کی وجہ سے پورا شہر ڈوب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ‘آغا ٹان کے نام پر ملیر ندی کو بلاک کردیا ہے۔مزید برآں نرسری کے دورے کے موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے رہائشیوں کو کہا کہ شاہراہ فیصل کے سیدھی طرف تعمیرات نے نکاسی کے نظام کو بری طرح متاثر کیا۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے ماسٹر پلان کو دیکھیں اور معاملے پر رپورٹ جمع کروائیں،
انہوں نے کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن عمارتوں کی وج سے شہر کے نکاسی کے نظام کو متاثر کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ کو شہر کے ایک اور علاقے کے دورے پر بتایا گیا کہ راشد منہاس روڈ سے آنے والا نالا سکڑ گیا تھا جس کی وجہ سے ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پانی بھر گیا تھا تاہم اس کی نکاسی شروع کردی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ متاثر ہونے والی سڑک کی بھی مرمت کریں۔
دریں اثنا وزیراعلی سندھ نے یوسف گوٹھ کا دورہ کیا اور وہاں بھی عوام کی شکایات سنیں، ساتھ ہی انہوں نے بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں 2 دن میں یہاں دوسری مرتبہ آیا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں، تاہم پوری انتظامیہ یوسف گوٹھ میں موجود ہے۔شہر کے دورے کے دوران وزیراعلی سندھ ضلع وسطی بھی گئے جہاں انہوں نے کہا کہ ناگن کا پورا علاقہ بارش کے پانی سے صاف کیا گیا ہے اور اب ٹریفک رواں دواں ہے۔