لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ’’سیاسی بنیادوں پر نا اہل ہونے اورعوام کے دلوں میں نا اہل ‘‘ہونے میں زمین وآسمان کا فرق ہے۔ہمیں فخر ہے کہ ’’سیاسی بنیادوں پر نا اہل ہوئے ہم عوام کے دلوں میں آج بھی اہل ہیں‘‘۔اپنے بیان مین انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنا نام تبدیل کرکے ’’تحریک مافیا اور تحریک تباہی و بربادی‘‘رکھ لینا چاہیے۔
چینی مافیا،گندم مافیا،پیٹرو ل مافیا اورادویات مافیا ملک پر مسلط ہے۔مافیا ازم کو فروغ دینے میں تحریک انصاف کا اہم کردار رہاہے۔ردی کے کاغذ ہوا میںلہرا کر فیاض چوہان شیخ رشید ثانی بننے کی کوشش کررہے ہیں۔یہ کاغذات عدالت میں موجود ہیں فیاض چوہان نے جھوٹی شہرت کیلئے ڈرامہ رچایا۔نوازشریف حکومت کی نہیں عدالت کی مرضی سے گئے،اگر فیاض چوہان کو انگلش پڑھنا نہیں آتی تو اردو ترجمہ بھیج دیتے ہیں۔بیان حلفی میں واضع لکھا ہے ڈاکٹرز جب تک نوازشریف کو مکمل صحت مند قرارنہیں دیتے واپس نہیں آئیں گے۔فیاض چوہان کو شریف فیملی کو نا اہل قرار دلوانے کا بہت شوق ہے پھر بھی نالائقوں کی کارکردگی بہتر نہیں ہو گی۔نا اہل وہ ہوتا ہے جو کام نہ کرسکتا ہو،نااہل وہ ہوتا ہے جس کو لوگ دعائوں کی بجائے بدعائیں دیں۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل میں کہاجیب تراش حکومت دونوں ہاتھوں سے عوام کی جیبیں تراش رہی ہے۔پنجاب میں تحریک انصاف تین سے چار گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہیں۔پنجاب کے دس دس وزراء نے اپنے اپنے الگ پریشر گروپ بنالیے ہیں۔فیاض چوہان جیسے ریلوکٹے ہر گروپ میں شمولیت کیلئے ہاتھ پائوں مارنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نئے پاکستان میں ریلوکٹے،نمائشی لوٹے اور وفادریاں بدلنے والے کثیر تعداد میں دستیاب ہیں۔