کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقے جوہڑ موڑ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس حکام نے بتانا کہ آسمانی بجلی جوہر موڑ کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ کی
بیرونی دیوار پر گری۔پولیس کے مطابق رہائشی اپارٹمنٹ کی بڑی باؤنڈری وال آسمانی بجلی گرنے سے منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر تین مرد، دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دیوار کے ملبے تلے مزید افراد دبے ہوئے ہیں، پولیس، کنٹونمنٹ بورڈ اور ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے کا کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک شخص گاڑی میں پانی بھر جانے سے جاں بحق ہوا جب کہ دیگر حادثات میں مزید تین افراد جاں بحق ہوئے۔ شدید بارشوں نے کراچی سمیت پورے صوبے میں تباہی مچا رکھی ہے، اسی حوالے سے سندھ کے وزیراعلیٰ نے کل بروز جمعہ کی عام تعطیل کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد دیگر واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اس طرح ایک ہی روز میں اب تک 15 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔