لاہور (آن لائن) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی حکام نے یونیورسٹی کو در پیش مالی بحران سے نمٹنے کے لئے بعض اصلاحات کرتے ہوئے مالی بوجھ یونیورسٹی کے طلباء کے کندھوں پر ڈال دیا ہے۔ جس کی یونیورسٹی سینڈیکیٹ میں باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
اصلاحات کے مطابق یو ای ٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں شروع کئے جانے والے ایم ایس سی اور ایم فل کے پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلباء کے سمیسٹر فیسوں میں سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں طلباء کو ان پروگراموں میں داخلے کے وقت پہلے سمسٹر کی مد میں ایک لاکھ 16 ہزار 800 روپے جمع کروانے ہونگے جبکہ انہی طلباء کو اپنے تمام سمسٹر کی مد میں 3 لاکھ 9 ہزار 150 روپے ادا کرنا پڑیں گے۔ اصلاحات کے مطابق یونیورسٹی حکام نے ان پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلباء کی تعداد 20 سے بڑھا کر 50 فی پروگرام کردی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس مد میں ڈیپارٹمنٹس کو حاصل ہونے والی آمدنی کا 50 فیصد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اکائونٹس میں جائے گا۔