اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے پہلے ٹائپ 054 فریگیٹ کی لانچنگ تقریب ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ شنگھائی میں ہوئی،کموڈور اظفر ہمایوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کارپوریشن کے
چیئرمین لی ہونگ تاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے ،ترجمان پاک بحریہ نے کہاکہ یہ جہازسطح سمندر، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے جدید ہتھیاروں، کمبیٹ مینجمنٹ سسٹم اور سینسرز سے لیس ہوگا، پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے خطے میں امن برقرار رکھنے کی کاوشوں میں مزید بہتری آئے گی،فریگیٹ کی لانچنگ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور اظفر ہمایوں کا کہنا تھا کہ فریگیٹ جہاز کی تیاری پاک چین دفاعی تعاون کا نیا اور درخشاں باب ہے ، پراجیکٹ کی بروقت تکمیل شپ یارڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔