لاہور (این این آئی) ملک بھر میں قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد شروع ہو گیا ہے،سیاحتی مقامات اورسلک ہوٹل کھل گئے جبکہ آج دس اگست پیر سے جم، تھیٹرز، اور سینما ہالز بھی کھول دیئے جائیں گے، 10 اگست سے ریسٹورنٹس، کیفے کھل جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے اور شادی ہالز 15 ستمبرسے کھولے جا سکتے ہیں، پیر سے ایکسپو ہالز، بیوٹی پارلر اور مزارات بھی کھل جائیں گے، مارکیٹس میں
ہفتے کی چھٹی کی پابندی کوبھی ختم کیا گیا، تاجر پرانے طریقہ کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔دس اگست سے پبلک پارکس و دیگرمقامات کھول دیئے جائیں گے، کبڈی، کشتی، رگبی کے علاوہ باقی اسپورٹس کی اجازت ہو گی۔ پیر سے جم، تھیٹرز اور سینما ہالز کھل جائیں گے، روڈ ٹرانسپورٹ پر بھی تمام بندش ختم کر دی گئیں، میٹرو سروس بھی پیرسے فعال ہو جائے گی جس میں کھڑے ہوکرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔