بیجنگ(نیوزڈیسک )ہمارے ہاں بدقسمتی سے امتحانات میں نقل کا رجحان عام پایا جاتا ہے اور اس جرم کی سنگینی کو اہمیت نہیں دی جاتی لیکن چین میں اس جرم کو اس قدر سنگین قرار دے دیا گیا ہے کہ اس کے مرتکب ہونے والوں کا نہ صرف پرچہ منسوخ کیا جائے گا بلکہ انہیں قید کی سزا بھی دی جائے گی۔چینی میڈیا کے مطابق نیشنل پیپلزکانگرس کی قائمہ کمیٹی نیا قانون تیار کررہی ہے جس کے تحت یونیورسٹی داخلہ ودیگر امتحانات میں بددیانتی اور نقل کے مرتکب ہونے والوں کو جیل بھیجا جائے گا۔ یہ اہم فیصلہ چین کے مشہور قومی سطح کے امتحان گا کا میں نقل اور غیر قانونی ذرائع کے استعمال کے انکشافات کے بعد کیا گیا۔ یہ امتحان چین کی سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلے کیلئے منعقد کیاجاتا ہے اور اس میں کروڑوں طلباشرکت کرتے ہیں۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے گا کا امتحان میں بے قاعدگیوں کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے طلباکیلئے سخت ترین سزائیں وضع کرنے کا فیصلہ کیا۔ امتحانات میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کا جرم ثابت ہونے پر بھاری جرمانہ بھی کیا جاسکے گا جبکہ قید کی سزا تین سے سات سال تک ہوگی۔