لاہور(این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹرکامل علی آغا اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ جبکہ جماعت اسلامی کے وفد میں فرید احمد پراچہ، خواجہ صلاح الدین، سید احسان اللہ وقاص، ذکر اللہ مجاہد اور محمد جاوید قصوری
شامل تھے۔ وفد نے تحفظ بنیاد اسلام بل پر اتفاق رائے کیلئے مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا کہا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے ہے اس لیے اس بل پر مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ بل سب کو اکٹھا رکھنے کا بل ہے، اس بل سے محبت اور اتحاد پروان چڑھے گا۔