اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی کو غیر آئینی قرار دے دیا۔اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ہونے والے پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے کمیٹی ارکان شریک ہوئے،
تاہم شاہد خاقان عباسی پارلیمنٹ ہائوس میں موجود ہونے کے باوجود میٹنگ میں نہیں گئے۔اس دوران صحافیوں نے سابق وزیراعظم سے ان کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں کمیٹی جائز ہے وہ شریک ہیں میں نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ رولز کے مطابق ایسے پارلیمانی کمیٹی قائم نہیں کی جاسکتی۔