راولپنڈی(این این آئی) صدر مرکزی انجمن تاجران پنجاب شاہد غفور پراچہ نے پنجاب بھر میں عید سے قبل کاروباری مراکز بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تاجروں نے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔
صدر مرکزی انجمن تاجران پنجاب شاہد غفور پراچہ نے کہاکہ تاجروں نے کورونا حالات میں حکومت کا ساتھ دیا،تین دنوں میں ہمارے لئے کچھ آسانی ہو جاتی قرض چڑھ چکا۔ شاہد غفور پراچہ نے کہاکہ تمام مارکیٹیں ایکدم سے بند کر دینا مناسب نہیں تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ شاہد غفور پراچہ نے کہاکہ حکومتی ہدایت کے مطابق ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا گیا۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے عیدالاضحی کے پیش نظر آج سے آٹھ روز کے لیے مارکیٹیں بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دیگر وزراء بھی شریک تھے۔ اجلاس میں کورونا کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں آٹھ روز تک لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔آج رات 12 بجے سے اگلے بدھ تک تمام مارکیٹیں بند ہو نگی۔کیٹل مارکیٹ ،کھانے پینے، میڈیکل اور گراسری سٹور کھلے رہیں گے۔یہ فیصلہ عید کے موقع پر کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔