اسلام آباد /کراچی(این این آئی) اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارش سے جل تھل ہوگیا جبکہ گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔
کراچی میں سپرہائی وے پر مویشی منڈی میں بھی بارش ہوئی تو جانوروں کی خریداروں کیلئے آئے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،راولپنڈی میں نالہ لئی میں درمیانے درجے کاسیلاب آتے ہی رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔موسم کی خرابی کے باعث اسلام آبادسے کراچی آنیوالی 2پروازوں کا رخ موڈ دیا گیا، ایک پرواز کو نوابشاہ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ دوسری کو واپس اسلام آباد بھیج دیا گیا۔