لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف ممکنہ تحریک کیلئے پنجاب میں تنظیم کو منظم کرنے کا ٹاسک وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کو سونپ دیا ، قمر زمان کائرہ پارٹی کو متحرک اور نئے لوگوں کی شمولیت کے لیے کام کریں گے ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکومت مخالف ممکنہ تحریک کو پنجاب خصوصاً وسطی پنجاب میں کامیاب بنانے کاٹاسک بھی قمر زمان کائرہ کو سونپ دیا ہے ۔پارٹی کو عید الاضحی کے بعد
آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے تیاریوں کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق عید الاضحی کے فوری بعد پارٹی اپنی تیاریاں شروع کر دے گی اس سلسلہ میں ضلعی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر میٹنگز اور کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق متعلقہ عہدیداران کو پروگرامزکا شیڈول تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق پنجاب تنظیم کی جانب سے پارٹی سے ناراض اور غیر فعال رہنمائوں اور جیالوں سے رابطے کر کے انہیں متحرک کیا جائے گا۔