کراچی(اے این این )کراچی میں پیٹرول بحران کی تفتیش کے سلسلے میں پیٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔کراچی کی مقامی عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات مکمل کیوں نہیں کی جاسکی؟، عدالت نے حکم دیا کہ چار روز میں تحقیقات مکمل کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں پیٹرول کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں
جیکسن تھانے کی پولیس نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔پولیس نے بتایا کہ ڈی جی آئل کے احکامات پر رکن فیول پرائس کمیٹی پیٹرولیم ڈویژن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سی ای او نجی پیٹرولیم کمپنی اور سی ای او گیس اینڈ آئل پاکستان شامل ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے اور دونوں ملزمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔