اسلام آباد(این این آئی )وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے پایا کہ پی ٹی آئی پر کرپشن کا جھوٹا الزام لگایا جائے۔معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کا دو ہفتے پہلے کراچی میں
اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں یہ مانا گیا کہ 2 سال میں عمران خان کی حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں آیا۔شہباز گل نے کہا کہ پھر اجلاس میں یہ طے پایا کہ پی ٹی آئی پر کرپشن کا جھوٹا الزام لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بار جھوٹ بولا جائے کہ لوگ یقین کرلیں لیکن آپ کو ناکامی ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عید کے بعد (ن )مسلم لیگ ن حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہو گی۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دو مختلف نظریات کی جماعتیں ہیں لیکن ماضی میں بھی دونوں جماعتوں نے مل کر کام کیا ہے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہاکہ وزیراعظم نے دو سالوں میں اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے مقدمات بنائے۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد حکومت کے خلاف سڑکوں پر آ رہے ہیں، سڑکوں پر آنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کر چکی، اے پی سی میں طریقہ کار پر بات ہو گی۔