اسلام آباد (این این آئی)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ رویت ہلال کے بغیر چاند کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔اپنے بیان میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تنازع ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کے بغیر چاند کا اعلان نہیں کیا جاسکتا لہٰذا ٹیکنالوجی کے استعمال اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کو لے کر آگے بڑھا جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی
کا اجلاس ہوا تھا جس میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پیش گوئی کی تھی کہ ذوالحجہ کے چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 20 جولائی کو رات 10 بج کر 33 منٹ پر ہوچکی ہے اور 21 جولائی کو پاکستان اور گرد و نواح کے مطلع میں چاند نظر آجائیگا تاہم ایسا نہیں ہوا اور وفاقی وزیر کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیاتاہم فواد چوہدری اپنے مؤقف پر اب بھی قائم ہیں اور کہتے ہیں کہ ذوالحجہ کا چاند ہوچکا ہے۔