میرپور ماتھیلو(این این آئی)ضلع گھوٹکی میں کورونا وائرس کا تناسب کم ہوکر3فیصد رہ گیا، 64 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، مزید9 نئے کیس رپورٹ، مریضوں کی تعداد 1071 اور صحتیاب افراد کی تعداد 1908 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق
کورونا وائرس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری سیمپلنگ کی مہم کے تحت محکمہ صحت کی ٹیم نے ضلع کے مختلف علاقوں سے 324 لوگوں کے سیمپل لئے تھے جن کے نتائج کے مطابق 9 افراد میں کورونا وائرس پازیٹو آگیا ہے جبکہ 315 لوگوں کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 9 لوگوں میں سے 4 تحصیل گھوٹکی، ایک ڈہرکی، ایک خانگڑہ اور 3 اوباوڑو کے رہائشی ہیں، اسی طرح تحصیل گھوٹکی میں اس وقت مریضوں کی مجموعی تعداد 285، میرپور ماتھیلو میں 241، اوباوڑو میں 248، ڈہرکی میں 100 اور تحصیل خانگڑہ میں 197 ہوگئی ہے. یاد رہے کہ اس وقت تک ضلع میں کورونا وائرس کے کل 2991 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 64 فیصد 1908 افراد صحتیاب ہوچکے اور 0.5 فیصد 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 1071 مریض زیر علاج ہیں۔