کراچی(این این آئی)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نقیب اللہ کیس کی سماعت میں نیا موڑ آگیا،سابق ان کائونٹر اسپیشلسٹ رائو انوار کیخلاف 2اہم گواہ بیان سے منحرف ہوگئے،عدالت نے 28 جولائی تک مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ کیس کی سماعت میں نیا موڑ آگیا، سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کیخلاف 2اہم گواہ اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے ، گواہوں میں پولیس اہلکارشہزادہ جہانگیر اوررانا آصف شامل ہیں۔گواہوں نے عدالت مین بیان دیاکہ سابق ایس ایس پی کیخلاف بیان زبردستی لیا گیا،گواہ رانا آصف نے بیان دیا میرے علم میں یہ واقعہ نہیں ہے جبکہ گواہ شہزاد جہانگیر نے بیان دیا کہ مجھ سے زبردستی بیان لیا گیا تھا ،سابقہ بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل صلاح الدین پنہورایڈووکیٹ نے کہاکہ گواہان نے سابق ایس ایس پی رائو انوار کے دبائو میں آکر بیان تبدیل کیا، گواہوں کے بیانات کی تبدیلی کے خدشات سے متعلق پہلے ہی اظہار کرچکے ہیں ۔مقدمے کی سماعت کے موقع پر رائو نوار سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔عدالت نے 28 جولائی تک مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔