راولپنڈی(این این آئی)راولپنڈی ہائی کورٹ بینچ نے لڑکا بن کر لڑکی سے شادی کیس میں فریقین اور علی آکاش کو کورونا ٹیسٹ رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔منگل کو کیس کی سماعت ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔
دور ان سماعت عاصمہ بی بی عرف علی آکاش عدالت پیش نہ ہوئی،عدالت نے علی آکاش کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ وکیل نے کہاکہ کورونا مشتبہ مریض ہے عدالت حاضر نہیں ہو سکتا۔ عدالت نے کہاکہ کورونا کی رپورٹ فوری طور پر عدالت پیش کی جائے۔ ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے چوبیس جولائی کو فریقین کو پیش کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کی جانب سے علی آکاش کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا مسترد کر دی ۔آئندہ سماعت پر علی آکاش کو کورونا ٹیسٹ رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ پراسیکیوٹر نے کہاکہ جس دن عدالت پیش ہوئے اسی دن ٹیسٹ کروایا گیا کورونا کیسے ہو سکتا ہے۔ ایس ایچ او ٹیکسلا نے کہاکہ علی آکاش اور نیہا علی ٹیکسلا میں موجود نہیں گھروں پر تالے لگے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تبدیلی جنس کے بعد شادی کرنے والا جوڑا لاہور میں ہے۔ ایس ایچ او ٹیکسلا کی عدالت سے استدعا کی گئی کہ فریقین کے وکلاء کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے موکلوں کو عدالت پیش کریں۔ کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔