کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ پولیس نے خود کو حساس ادارے کا جعلی میجر ظاہر کرنے والے مبینہ فراڈیئے کو گرفتار کرنے کے بعد ملزم کے قبضے سے کئی قیمتی گاڑیاں، خود کار اسلحہ، سیکیورٹی فورسز کی وردی، ملٹری نشانات، ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی، بلیک ڈالر، درجنوں بنک چیکس، متعدد شہریوں کے پاسپورٹ اور جعلی دستاویزات برآمد کر لئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق
گزشتہ روز کوہاٹ کے پوش علاقہ کے ڈی اے کوتل ٹان شپ سے حراست میں لئے گئے جعلی میجر عامر حسین ولد احسان علی سکنہ پاڑا چنار کی نشاندہی پر مقامی پولیس نے کے ڈی اے میں واقع ملزم کے رہائشی مکان سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مبینہ نوسر باز کے قبضہ سے 6 عدد قیمتی موٹر کارگاڑیاں،ایک ایس ایم جی گن، 25 کارتوس، 2 چارجرز، میجر کے رینک لگے پاک فوج کی وردی، ملٹری نشانات، 20ہزار روپے سے زائد کی پاکستانی، عراقی، ایرانی اور بھارتی جعلی کرنسی، امریکی بلیک ڈالر، 12عدد مختلف بنکوں کے چیکس، پاکستانی شہریت رکھنے والے افراد کے 5 عدد پاسپورٹس اور ملزم کے نام کے جعلی سٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لئے ہیں۔ کوہاٹ کے پوش علاقے کے ڈی اے کوتل ٹان شپ میں ایک عرصے سے رہائش پزیر ملزم عامر حسین کا تعلق پاڑا چنار سے ہے جوراولپنڈی اسلام آباد، پشاور، سوات، کوہاٹ، ہنگو اور پاڑا چنار میں دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔مبینہ ملزم رینٹ پر گاڑیاں حاصل کرکے ان گاڑیوں کو مختلف شہروں میں فروخت کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے جبکہ شاطر ملزم عوام کو دھوکہ دینے کیلئے پاک آرمی کی وردی پہن کر خود کو حساس ادارے کا میجر ظاہر کرتا تھا اور حساس ادارے کا جعلی کارڈ بھی بنارکھا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مزکورہ شخص لوگوں کو بیرون ملک
بھجوانے اور ملک کے سرکاری محکموں میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر ان سے رقم بٹورتا تھا جبکہ موقع ملنے پر جعلی کرنسی کا استعمال بھی کرتا تھا۔پولیس نے عوامی شکایات کی تصدیق کے بعد مسلسل نگرانی کے نتیجے میں مبینہ نوسر باز عامر حسین کو حراست میں لیکر انکے خلاف تھانہ کے ڈی اے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور انہیں عدالت کے سامنے پیش کرکے انکا دو روزہ مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا ہے جنکے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزیدوسیع کردیا گیا ہے تاہم پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران زیر حراست ملزم نے دھوکہ دہی سے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔