اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے کراچی میں بجلی کی قلت کا نوٹس لینے پر شہریوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جس چیز کا نوٹس لیں، اس کی چوری، قلت اور قیمت دونوں بڑھ جاتی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے مہنگائی کا نوٹس لیا، عوام کی چیخیں نکل گئیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہری احتیاطی تدابیر کرتے ہوئے ہاتھ کے پنکھے خریدلیں کیونکہ عمران صاحب نے نوٹس لے لیا ہے،دو ماہ بعد عمران صاحب کو آخر کار معلوم ہوگیا کہ
کراچی میں بجلی کی قلت اور قیمت دونوں بڑھ چکے ہیں،عمران صاحب نے چینی کا نوٹس لیا، چوری، قلت اور قیمت بڑھ گئی،عمران صاحب نے پٹرول کا نوٹس لیا، چوری، قلت اور قیمت بڑھ گئی،عمران صاحب نے ڈالر کا نوٹس لیا، تاریخی قیمت بڑھ گئی،دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا، قیمتیں مزید بڑھ گئیں،عمران صاحب نے بجلی اور گیس کی قیمت کا نوٹس لیا، تاریخی قیمت بڑھ گئی،عمران صاحب جس چیز کا نوٹس لیتے ہیں یا وزیر یوں کو نگرانی کا ٹاسک دیتے ہیں عوام کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔