کراچی(این این آئی)حالات کی ستم ظریفی نے ایک پروفیشنل کیمرہ مین کو سڑکوں کی خاک چھاننے پر مجبور کردیا۔ایک نجی چینل سے برطرف کیے جانے والے سفیر احمد نامی کیمرہ مین مجبوراً آج کراچی کی سڑکوں پر رکشہ چلا کر اپنا اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال رہا ہے۔سفیر احمد نے بتایا کہ اس نے اپنی زندگی میں 20، 25 سال بحیثیت کیمرہ مین کام کیا، ہرمشکل حالات میں اپنی ذمے داری سے پیچھے نہیں ہٹا، طبیعت خراب ہوتے ہوئے
بھی نائٹ شفٹ کیا کرتا تھا، اس کے باوجود چینل سے نکال دیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ نوکری نہ ہونے اور مشکل حالات کے باعث کئی مہینوں تک دال روٹی کھایا کرتے تھے، بعض اوقات پانی سے روٹی بھی کھانی پڑی، نوکری سے نکالے جانے کے بعد بہت سے چینل میں درخواست دی لیکن کسی ادارے نے اپنے پاس جگہ نہیں دی۔کیمرہ مین نے بتایا کہ نوکری سے برطرفی کے پانچ سال ہوچکے ہیں، کسی دوسرے چینل میں کام نہ ملنے پر میں نے رکشہ چلانے کا فیصلہ کیا۔