راولپنڈی(این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائر س کی روک تھام کے لئے اقدامات مزید سخت کر دیئے ۔ میڈیا ر پورٹ کے مطابق دیار غیر جانے والے مسافروں کی کرونا اسکریننگ کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،اتھارٹی کی جانب سے ائیرلائنز اور ائیرپورٹ مینجرز کو
نئی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ہدایات کے مطابق ائیرپورٹ کی حدود میں داخل ہوتے وقت مسافروں کی کورونا اسکریننگ کی جائے،بیرون ملک جانے والے مسافروں کی چیک ان سے قبل بھی مکمل طبی جانچ ہو گی ، سی اے اے کے مطابق بورڈنگ کارڈ کے اجرہ سے قبل بھی مسافروں کی جدید خود کار تھر مل اسکینر سے اسکریننگ کی جائے گی ۔مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر کروانے کے حوالے سے مناسب انتظامات کیے جائیں گے ،بورڈنگ سے قبل فائنل ڈیسک پر مسافروں کی مکمل جانچ پڑتال اور ٹریولنگ ہسٹری سے متعلق پوچھا جائے گا،مشتبہ مسافروں کو سفر کی اجازت نہین ہو گی اور نہ ہی جہاز میں سوار ہونے دیا جائے گا ۔ اتھارٹی کے مطابق مسافروں سے 96گھنٹے قبل تک کا پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ بھی طلب کیا جانا زیر غور ہے،تمام صوبائی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ائیرپورٹس پر اضافی عملے کی تعیناتی پر رضا مندی کا اظہار کر چکی ہے،ائیرپورٹس مینجر کی ہدایات کی روشنی میں اضافی عملے کو طلب کیا جا سکے گا۔