ریاض (آن لا ئن) سعودی عرب میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث حکومت نے علاقائی فضائی آپریشن پھر معطل کردیا۔ میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 919 کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 234 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق نئے سامنے ا نے والے 4 ہزار سے زائد کیسز میں سے نصف سے زائد کا تعلق ریاض شہر سے ہے جہاں سے 2371 کیسز رپورٹ ہوئے۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کے 10 ایسے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہوں نے اپنے کام کی جگہ پر سماجی فاصلے کو نظر انداز کیا اور ماسک پہننے سے بھی گریز کیا جب کہ ان میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔وزارت صحت کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 مریض انتقال کرگئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 1091 تک جا پہنچی ہے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2122 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔دوسری جانب حکومت نے ملک میں کورونا کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بین الاقوامی فضائی آپریشن کی معطلی میں مزید توسیع کردی ہے۔میڈیا کے مطابق حکومت نے صرف دیگر ممالک میں پھنسے سعودی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے ذریعے شہریوں کو وطن آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ملک میں 31 مئی کے بعد سے بحال کیے جانے والے علاقائی فضائی آپریشن کو ایک بار پھر 2 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔