اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کیسز میں تیزی کیساتھ اضافہ ، ملک بھر میں ہسپتالوں میں دبائو بڑھ گیا ہے ۔ کراچی ، لاہور ، ملتان پشاور، اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے اکثر ہسپتالوں میں یا تو مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی ہے یا انتہائی کم رہ گئی ہے ۔ قومی موقرنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق سندھ میں سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے آئی سی یو مریضوں سے بھر گئے ، مختلف ہستپالوں نے مزید مریضوں کو
داخل کرنے سے انکار کر دیا ہے ، کیسز بڑھنے پر سول ہسپتال کراچی میں مزید 200بستر لگا دیئے گئے ، کوئٹہ کے ہسپتالوں میں گنجائش تو موجود ہے تاہم خطرناک مریضوں کی تعداد بڑھنے کے خدشے پر 3ہزار 54مریضوں کو گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے ۔ مظفر گڑھ رجب طیب اردوان ہسپتال میں بیڈز کم پڑگئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں صرف 10سے11مزید مریضوں کی گنجائش رہ گئی ، لاہور سمیت پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں سہولیات میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔