کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم نے بی بی سی کے تمام الزامات مسترد کر دیئے ، الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہر چیز کا الزام ایم کیو ایم پر لگا دیا جاتا ہے ، پہلے کبھی جھکے نہ اب جھکیں گے۔ متحدہ نے آج شام پانچ بجے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں پارٹی اجلاس بلا لیا ، الطاف حسین ٹیلی فونک خطاب بھی کریں گے۔ لندن سے رابطہ کمیٹی اور دیگر شعبوں کے ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہر چیز کا الزام ایم کیو ایم پر لگا دیا جاتا ہے ، پہلے کبھی جھکے نہ اب جھکیں گے۔ اپنے کارکنوں کی سلامتی سب سے زیادہ عزیز ہے۔ اس پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے ایک بار پھر الطاف حسین سے تجدید عہد وفا کیا جبکہ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ متحدہ محب وطن سیاسی جماعت ہے اور پاکستان کی یکجہتی اور استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ ماضی میں جناح پور کی سازش جھوٹی ثابت ہوئی ، نیٹو اسلحہ کی برآمدگی کے الزامات بھی بے بنیاد نکلے ، بی بی سی کی رپورٹ ایم کیو ایم کے میڈیا ٹرائل کا حصہ ہے لہذا کارکن پرامن رہتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن کے اجلاس میں بھی بی بی سی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ساری باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں ، اگر کسی ایک فرد نے جرم کیا ہے تو پوری جماعت کو مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے۔ واسع جلیل کا کہنا ہے کہ انیس سو بانوے میں بھی ایسے ہی الزامات لگائے گئے ، یہ رپورٹ ٹیبل سٹوری ہے ، ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل کہتی ہیں کہ بی بی سی کے نمائندے بینٹ جانز کا تعصب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ، ہوسکتا ہے چیئرمین تحریک انصاف اس ٹیبل اسٹوری کے پیچھے ہوں۔