اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وینٹی لیٹرز کے بہترین استعمال اور آسانی سے میسر آنے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے ،ملکی معاشی صورتحال ، عوام کے مسائل اور دیگر ملکوں کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی ہے،کورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے،کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے
بعض حلقوں میں خدشات کو دور کیا جائے۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کوویڈ-19کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ، ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز، متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان کی فراہمی اور ان کے لئے دیگر سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی ۔ملک میں موجود وینٹی لیٹرز کی صورتحال پر بات چیت کے دوران وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وینٹی لیٹرز کے بہترین استعمال اور آسانی سے میسر آنے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر میسر سہولت تک آسانی سے پہنچا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال ، عوام کے مسائل اور دیگر ملکوں کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر اس امر کا ادراک کی جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کے خلاف وقتی عمل ہے ،کورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا کے ٹیسٹ کے حوالے سے بعض حلقوں میں خدشات کو دور کیا جائے اور عوام کو ترغیب دی جائے کہ وہ بذات خود علامات کی صورت میں ٹیسٹ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر پر قرنطینہ اختیار کرنے کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کی جائیں تاکہ لوگ گھروں پر رہ کر بھی قرنطینہ اختیار کر سکیں۔