اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان میں 10 روز میں کورونا سے اموات میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 10 دنوں میں ہونیو الی اموات میں 100 فیصد اضافے کے ساتھ کورونا وائرس کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ آج کی تاریخ تک ملک بھرمیں سب سے زیادہ 46 اموات ریکارڈ کی گئی۔ مارچ کے مہینے میں اموات کی تعداد ایک ہندسے میں رہی جبکہ مئی میں یہ تعداد 2 ہندسوں میں داخل ہوئی
اور نیچے نہیں آئی۔گزشتہ 10 دنوں میں ہونیوا لی اموات کی تعداد 28 اپریل سے 7 مئی تک 297 ہو چکی ہے جو گزشتہ دس دنوں سے 100 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 1764 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 35 افراد مہلک واائرس سے جاں بحق ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں کل کیسز کی تعداد 25 ہزار 837 ہو گئی ہے۔جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 7 ہزار 530 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے اب تک 9 ہزار 93، پنجاب میں 10 ہزار 33، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 956 افراد وائرس کا شکار ہو چکے۔ بلوچستان میں 1725، اسلام آبادمیں 558، آزاد کشمیر78، گلگت بلتستان میں 394 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں 209 ہوئیں۔ پنجاب میں 183، سندھ میں 171 بلوچستان میں 24، آسلام آباد میں 4 جبکہ گلگت میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔زیرعلاج مریضوں میں سے 163 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں 9 مئی کے بعد سے نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔