ماسکو(این این آئی)روسی وزیراعظم میخائل میشوتن نے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنا عہدہ عارضی طور پر چھوڑ دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیراعظم میخائل میشوتن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا گیا ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنا عہدہ عارضی طور پر چھوڑ دیا ہے۔روسی وزیراعظم نے صدر ولادیمیر پیوٹن کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا مثبت آنے سے آگاہ کیا
اور اس کے بعد ٹیلی ویڑن پر عوام کو بھی آگاہ کیا۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم میخائل میشوتن کی طرف سے عہدے سے دستبردار ہونے کی درخواست قبول کرتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم اینڈریو بیلوسوف کو نئی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔واضح رہے کہ ابھی تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ 8 ہزار 503 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 34 ہزار 112 ہو ئی ہیں ۔دوسری طرف روس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر چلی گئی ہے، مزید سات ہزار مریض سامنے آگئے، جبکہ 101افراد جان سے چلے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے اوپر ہوچکی ہے جبکہ روسی وزیراعظم بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئے۔دوسری جانب روس کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جہاں اب تک 34 لاکھ افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، امریکا میں کورونا کے 62 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔