اسلام آباد(این این آئی)کورونا وائرس کے باعث ملک کے تمام سرحدی راستے بند رکھنے کے باوجود وفاقی حکومت نے گوادر بندرگاہ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اجازت دے دی۔ وزرات تجارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گوادر بندرگاہ سے افغان ٹرانزٹ تجارت کی اجازت ہوگی
جس کے تحت گوادر آنے والے بلک کارگو کو عالمی معیار کو یقینی بناتے ہوئے افغانستان روانہ کیا جائے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ گوادر سے افغانستان کو بلک کارگوکی اجازت پاک افغان مشترکہ تجارتی چیمبر اور دیگر شراکت داروں کی درخواست پر دی گئی ہے اس حوالے سے سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں گوادر پورٹ پر بڑی سطح پر تجارتی سرگرمیاں شروع ہوں گی مگر گوادر بندرگاہ کے ذریعے افغان ٹرانزٹ کے ٹرک مکمل طور پر سیل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ 10مئی کو گوادر پورٹ پر 16 ہزار میڑک ٹن درآمدی ڈی اے پی کھاد کی کھیپ آئے گی ، مئی کے وسط تک مزید درآمدی ڈی اے پی کھاد کی دوسری کھیپ گوادرپورٹ آئے گی۔سیکرٹری تجارت نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم گوادر آئے گی اور گوادر پورٹ پر مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔