اسلام آباد(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کورونا وائرس کے باعث رمضان المبارک میں نماز اور تراویح گھر میں ہی ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس مسئلے پر اتفاق رائے ہوجاتا ہے تو اس کا احترام کرنا چاہیے، اتفاق رائے کے بعد میری ذاتی رائے بس ذاتی رائے رہ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں تمام مسالک کے علماء کا اجلاس ہوا جس میں اپنی کچھ تجاویز دی تھیں،
ابتداء میں ہماری اور ان کی تجاویزمشترکہ تھیں جبکہ بھارت کے علماء کی مساجد کے حوالے سے جو تجاویز آئیں وہ بھی تقریباً اس کے برابر تھیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا ہمیں حدود و قیود کا خیال رکھنا چاہیے، رمضان المبارک میں گھر پر نماز پڑھوں گا اور گھر میں بھائی، بیٹوں اور بھتیجوں کے ساتھ تروایح ادا کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کروں گاکہ رمضان میں مسجد میں جاکر وہاں کسی اجتماع کا سبب نہ بنوں۔